نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی پولیس کسان مظاہرین کا دھرنا ختم کروانے میں ناکام ہوگئی تو مودی سرکار نے غنڈے میدان میں اتار دیے۔ مقامی افراد کے بھیس میں آر ایس ایس کے غنڈوں نے متعدد مقامات پر مظاہرین پر حملہ کردیا۔ غنڈے غداروں کو گولی مارو کے نعرے بھی لگاتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس اور سکیورٹی فورسز پر بھروسہ ختم ہو گیا تو مودی سرکار نے اہم کام کے لیے غنڈوں کی مدد حاصل کر لی۔ گزشتہ رات نئی دہلی کے باہر مختلف مقامات پر دھرنا دیے بیٹھے کسانوں کو بار بار احتجاج ختم کرنے کی وارننگ دی گئی کسان رہنماؤں نے ظالمانہ قوانین ختم کیے بغیر واپس جانے سے انکار کردیا۔
دن چڑھتے ہی آر ایس ایس کے غنڈوں کو مقامی افراد کے بھیس میں میدان میں اتارا گیا جو غداروں کو گولی مارو کے نعرے لگاتے جلسہ گاہ میں داخل ہوئے۔ آر ایس ایس کے غندوں نے کسانوں کے خیمے اکھاڑ دیے مظاہرین کو ڈنڈوں کے زور پر منتشرکرنے کی کوشش کی۔
شدید تشدد کے باوجود مظاہرین غنڈوں کے سامنے ڈٹ گئے، پہلے پولیس خاموش تماشائی بنی رہی، معاملہ بگڑتے دیکھا تو بیچ بچاؤ کرا لیا۔
دوسری جانب کسانوں کی تحریک ملک گیر شکل اختیار کر گئی ہے، کانگریس رہنما راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ زرعی قوانین جلد واپس نہیں لیے تو پورا ملک انتشار کر شکار ہوسکتا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ، محبوبہ مفتی کا کہناہے کہ مودی سرکار کو ظلم و بربریت کا جو تجربہ کشمیر میں حاصل ہوا وہ پورے بھارت پر آزما یا جارہا ہے۔