غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری، ایک اور حملے میں مزید 26 فلسطینی شہید، 50 زخمی

Published On 16 May,2021 03:49 pm

مقبوضہ بیت المقدس: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری ہے، ایک اور حملے میں مزید 26 فلسطینی شہید اور 50 زخمی ہو گئے، جاں بحق افراد کی تعداد 181 ہو گئی۔

مظاہرے، مذمت کچھ بھی کام نہ آیا ،اسرائیل ہٹ دھرمی پر قائم رہا، فلسطین پر وقفے وقفے سے بمباری جاری ہے۔ میڈیا ہاؤسز کے دفاتر کو بھی نہ بخشا۔ غزہ میں ہر طرف چیخ و پکار سنائی دی۔

صیہونی فورسز کےایک اور حملے میں مزید 13 فلسطینی شہید ہو گئے، متعدد زخمی بھی ہوئے۔ حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے قطر میں کارکنوں اور حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیت المقدس ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں شہریوں کی شہادت اور بین الاقوامی میڈیا کے دفاتر پر حملے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ کے الشاتی کیمپ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے دس افراد کی شہادت پر انتونیو گوتریس نے افسوس کا اظہار کیا۔

اسرائیلی فورسز نے غزہ میں الجلا ٹاور کو بھی نشانہ بنایا، اس عمارت میں عرب ٹی وی الجزیرہ سمیت کئی میڈیا ہاؤسز کے دفاتر تھے۔ احتجاج کے باوجود گہ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بمباری اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ضرورت ہے۔

ادھر مغربی کنارے میں بیت اللحم سمیت کئی شہروں میں فلسطینیوں نے مظاہرے کئے، مظاہرین پر اسرائیلی فورسز نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔ صیہونی فورسز نے نوجوانوں پر فائرنگ کر دی جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی فوجیوں نے میڈیا کے نمائندوں کوبھی دھکے دیئے۔