انقرہ، وارسا: (ویب ڈیسک) یورپی ملک پولینڈ نے ترکی سے 24 مسلح ڈرون طیارے خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح پولینڈ ترک ڈرونز خریدنے والا پہلا نیٹو اتحادی ملک بن جائے گا۔ جس کی تصدیق پولش وزیر دفاع ماریوش پولاشچاک نے کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولینڈ ترکی سے بیرقدار ٹی بی 2 ماڈل کے 24 مسلح ڈرونز خریدے گا۔ ان ڈرون طیاروں پر ٹینک شکن میزائل نصب ہوں گے۔ ڈرونز کے ساتھ ساتھ پولینڈ انہیں استعمال کرنے کے لیے ترکی سے ٹریننگ پیکج بھی حاصل کر رہا ہے۔ ڈرون طیاروں کی پہلی کھیپ 2022ء میں پولینڈ کو فراہم کر دی جائے گی۔
پولش وزیر دفاع نے مقامی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترک ڈرون ٹیکنالوجی نے مشرقی یورپ کی جنگوں میں اپنی عسکری صلاحیت ثابت‘ کی ہے۔
واضح رہے کہ نگورنو کاراباخ تنازعے کے دوران آذربائیجان نے ترکی سے حاصل کردہ ڈرونز استعمال کر کے آرمینیا کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی تھیں۔
قبل ازیں پولاشچاک نے گزشتہ بدھ کے روز ٹویٹ میں عندیہ دیا تھا کہ انکا ملک ترکی سے ڈرون طیارے خرید سکتا ہے۔
پولینڈ عام طور پر ہتھیار اور دیگر عسکری ساز و سامان امریکا سے خریدتا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران پولینڈ نے امریکا سے 4.7 ملین ڈالر مالیت کے ہتھیار خریدے تھے۔
بیرقدار ٹی بی 2 مسلح ڈرونز ترک کمپنی بایکار کے تیار کردہ ہیں اور اس وقت ترکی، قطر، یوکرائن اور آذربائیجان کی افواج انہیں استعمال کر رہی ہیں۔ ان ڈرونز کے لیے الیکٹرونکس، سافٹ ویئر، ایئرو ڈائنامکس، ڈیزائن مکمل طور پر ترکی میں تیار کیے گئے ہیں۔
یہ ڈرونز 27 ہزار فٹ بلندی پر چوبیس گھنٹوں تک پرواز کرنے اور 150 کلو سے زائد وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے باعث انہیں دن کی روشنی اور رات کے اندھیرے میں بھی موثر طور پر استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ ان ڈرونز کو حملوں کے علاوہ جاسوسی کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔