افغان طالبان نے مزید دو صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا

Published On 08 August,2021 01:41 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغان طالبان نے مزید دو صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا، طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ سر ِ پل اور قندوز شہر کاکنٹرول سنبھال لیا ہے۔

افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری، مزید دو صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا۔ بین الاقوامی خبر ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ قندوز شہر پر طالبان کا قبضہ ہو گیا ہے۔ خبرایجنسی کے مطابق افغان فورسز اور طالبان کے درمیان قندوز شہر کی گلیوں میں شدید لڑائی ہوئی، طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ سر ِ پل اور قندوز شہر کاکنٹرول سنبھال لیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری دفاتر ان کے قبضے میں ہیں،افغان حکام کے ذرائع نے بھی قندوز شہر طالبان کے قبضے کی تصدیق کر دی۔ مقامی ذرائع کے مطابق قندوز شہر کے چپے چپے میں شدید لڑائی ہوئی۔ طالبان شہر کے مرکزی چوک میں موجود ہیں، اس دوران فضائی بمباری بھی ہوئی اور ہر طرف افراتفری کا عالم ہے۔ سرِ پل کے قبضے میں طالبان نے25 ٹینک اور فوجی گاڑیاں تحویل میں لئے ہیں، افغان فورسز کے 140اہلکاروں نے طالبان کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔

ادھر اٖفغان وزارت دفاع نے کہا ہے کہ 17 صوبوں میں فورسز کے حملوں میں 572 دہشت گرد ہلاک 309 کو زخمی ہو گئے۔ اس سے پہلے طالبان 2 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر چکے ہیں۔ جازجان صوبے کے دارالحکومت شبرغان پر طالبان کے قبضے کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی تھی، طالبان نے صوبے نمروز کے صوبائی دارالحکومت زرنج پر بھی قبضہ کر لیا تھا۔
 

Advertisement