شام : آئل فیلڈ ورکرز کی بس پر حملہ، 10 مزدور ہلاک، 2 زخمی

Published On 31 December,2022 05:30 am

دمشق : ( ویب ڈیسک ) مشرقی شام میں آئل فیلڈ ورکرز کو لے جانے والی بس پر ہونے والے دہشتگردانہ حملے میں 10 مزدور ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق التیم آئل فیلڈ کے کارکنوں کو لے جانے والی بس کو جمعہ کے روز صوبہ دیر از زور میں حملے کا نشانہ گیا جس میں 10 مزدور ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

حکام کی جانب سے حملے کی نوعیت یا اس کے پیچھے کون ہو سکتا ہے اس کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں تاہم رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دہشتگردانہ حملہ شامی کرد فورسز کی جانب سے شام میں متحرک دہشتگرد تنظیم کے خلاف کارروائی کے اعلان کے ایک دن بعد کیا گیا۔

دوسری جانب حملے کے بعد شامی سکیورٹی اداروں نے مختلف کارروائیوں کے دوران 52 کے قریب دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔