اسرائیل مقدس مقامات کی حیثیت برقرار رکھنے کے عہد پر قائم رہے: امریکا

Published On 04 January,2023 11:23 am

واشنگٹن : (دنیا نیوز ) امریکا نے اسرائیلی وزیراعظم پر زور دیا ہے کہ وہ مقدس مقامات کی حیثیت برقرار رکھنے کے وعدے پر قائم رہیں۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ  امریکا یروشلم میں مقدس مقامات کی حیثیت کے تحفظ کیلئے مضبوطی سے کھڑا ہے ، یروشلم کے مقدس مقامات کو خطرے میں ڈالنے والا کوئی بھی یکطرفہ اقدام ناقابل قبول ہے۔

اس حوالے سے اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو مسجد اقصٰی کی حیثیت برقرار رکھنے کیلئے پُرعزم ہیں اور وہ مسجد اقصٰی کے احاطے کا اسٹیٹس سختی سے برقرار رکھنے پر کاربند ہیں ۔

اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن گویر نے سخت سکیورٹی میں مسجد اقصٰی کا اشتعال انگیز دورہ کیا تھا، تاہم اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ اسرائیلی وزیر نے دورے کے دوران عبادت کی ہو۔

اسرائیلی وزیر کے مسجد اقصٰی کے دورے پر مسلم دنیا کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا گیا ہے۔