اردگان کا نیٹو میں شمولیت کیلئے فن لینڈ کی حمایت کا اشارہ، سویڈن کی مخالفت

Published On 30 January,2023 05:33 am

انقرہ : ( ویب ڈیسک ) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ ترکیہ فن لینڈ کی نیٹو اتحاد میں شمولیت پر راضی ہو سکتا ہے لیکن سویڈن کی شمولیت پر رضا مندی ظاہر نہیں کرے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان نے اپنے حالیہ بیان میں سویڈن کی جانب سے مبینہ طور پر کرد عسکریت پسند گروپوں اور ان کی حکومت کے دیگر ناقدین سے منسلک درجنوں افراد کی حوالگی سے انکار پر تنقید کی۔

اردگان نے کہا کہ ’’ ہم نے سویڈن کو 120 افراد کی فہرست دی اور ان سے کہا کہ وہ ان دہشت گردوں کو ہمارے حوالے کر دیں، اگر سویڈن ان افراد کو ہمارے حوالے نہیں کرتا تو ترکیہ فن لینڈ کے بارے مختلف ردعمل دے سکتا ہے مگر سویڈن کو صدمہ پہنچے گا ‘‘۔

خیال رہے کہ چند روز قبل سویڈن میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے بعد ترکیہ کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا اور ترکیہ نے سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کے حوالے سے جاری بات چیت کے عمل کو بھی معطل کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کے جواب میں سویڈن اور فن لینڈ نے گزشتہ سال نیٹو میں شمولیت کے لیے درخواست دی تھی جسے دیگر رکن ممالک کی جانب سے منظور کیا گیا مگر ترکی کی جانب سے تاحال رضا مندی ظاہر نہیں کی گئی۔