انقرہ : ( ویب ڈیسک ) ترک صدر رجب طیب اردگان نے زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 صوبوں میں تین ماہ کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا جو کہ 14 مئی کو ہونے والے انتخابات سے قبل ختم ہو جائے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیلی ویژن خطاب میں ترک صدر نے کہا کہ ہنگامی حالت کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ملک کے جنوب مشرق میں ریسکیو آپریشن جلد سے جلد انجام دیا جائے، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارکنوں اور مالی امداد کی اجازت ہو گی۔
دوسری جانب ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی ) نے اپنے تازہ بیان میں کہا کہ قومی سطح پر 4,700 سے زیادہ تباہ شدہ عمارتوں سے 8,000 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ زلزلے اور آفٹر شاکس کے بعد ہلاک ہونے والوں میں ہزاروں بچے بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ترکی نے آخری بار 2016 میں ناکام بغاوت کی کوشش کے بعد ایمرجنسی نافذ کی تھی جو کہ 2 سال بعد ختم کی گئی تھی۔