لندن : (ویب ڈیسک ) برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی تاریخی تاجپوشی کی تقریب میں ان کے بیٹے شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل کو مدعو کر لیا گیا ہے، تاہم جوڑے کی جانب سے تقریب میں شریک ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔
برطانوی میگزین کے مطابق ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل شاہ چارلس کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے یا نہیں، اس بارے میں تاحال کچھ نہیں کہا جاسکتا، دوسری جانب بکنگھم پیلس نے بھی اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی تقریب 6 مئی کو ویسٹ منسٹر ایبے میں منعقد ہوگی، بکنگھم پیلس نے اعلان کیا تھا کہ تاجپوشی کی تقریب اسی روایتی انداز میں ہوگی جس طرح گزشتہ ایک ہزار سال سے منعقد ہوتی آرہی ہے۔
یاد رہے کہ شاہ چارلس شہزاہ ہیری کی متنازع کتاب سامنے آنے پر خفا ہیں جس کی وجہ سے شاہ چارلس نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو ونڈسر اسٹیٹ میں واقع شاہی خاندان کا گھر فروگمور کاٹیج خالی کرنے کا کہا تھا۔
شہزادہ ہیری کی سوانح حیات کو دنیا بھر میں 16 زبانوں میں شائع کیا گیا ہے جس میں ہیری نے شاہی خاندان کے بارے میں حیران کن انکشافات کیے تھے۔
شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل شاہی خاندان کو چھوڑ کر 2020 سے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اپنے دو بچوں کے ساتھ رہتے ہیں ، جس کے بعد سے شاہی خاندان اور جوڑے کے درمیان تعلقات تناؤ کا شکار ہو گئے تھے۔