امریکا فلسطینیوں کیخلاف یہودی آباد کاروں کے تشدد سے پریشان ہے : لائیڈ آسٹن

Published On 10 March,2023 04:50 am

تل ابیب : ( ویب ڈیسک ) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے تشدد کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر اعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع یوو گیلنٹ سے ملاقات کی اور مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات بارے گفتگو کی۔

آسٹن نے اسرائیلی وزیر دفاع سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ امریکا یہودی بستیوں کی توسیع اور اشتعال انگیز بیان بازی سمیت کسی بھی ایسی کارروائی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے جو مزید عدم تحفظ کو جنم دے، ہم خاص طور پر فلسطینیوں کے خلاف آباد کاروں کے تشدد سے پریشان ہیں۔

پینٹاگون کے ایک ریڈ آؤٹ میں کہا گیا کہ آسٹن نے اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے دوران تشدد کو کم کرنے اور ایک منصفانہ اور دیرپا امن کے حوالے سے کام کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا۔

خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فورسز 70 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر چکی ہیں۔