فلوریڈا : ( ویب ڈیسک ) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں اور میرے خلاف عدالتی کارروائی انتخابی عمل میں مداخلت ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت سے واپسی کے بعد فلوریڈا میں ایک ریلی کے دوران اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق امریکی صدر نے کہا کہ میرے خلاف جعلی کیس 2024 کے الیکشن کے سلسلے میں سامنے لایا گیا، میرا واحد جرم یہ ہے کہ میں نے اپنی قوم کا ان لوگوں سے بلا خوف و خطرہ دفاع کیا جو اسے تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ساڑھے 7 کروڑ ووٹ لینے والے امریکی صدر پر فرد جرم عائد کی جا رہی ہے، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ امریکا میں ایسا ہو سکتا ہے ،ہمارا ملک جہنم میں جا رہا ہے، دنیا پہلے ہی بہت سی دوسری وجوہات کی بنا پر ہم پر ہنس رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا بدنظمی کا شکار ہوچکا ہے، معیشت تباہ ہو رہی ہے، افراط زر قابو سے باہر ہو رہا ہے، روس نے صدر بائیڈن کے دور اقتدار میں چین سے اور سعودی عرب نے ایران سے شراکت کر لی ہے، اگر وہ امریکا کے صدر ہوتے تو ایسا کبھی نہ ہوتا۔
انہوں نے فرد جرم عائد کرنے والے جج کو متعصب جبکہ نیویارک کے ڈسٹرکٹ اٹارنی کو مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جج ٹرمپ سے نفرت کرنے والا ہے اور ڈسٹرکٹ اٹارنی براگ کو مستعفی ہوناچاہیے ، ان کےخلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر 2016 کی انتخابی مہم کے فنڈز کا غلط استعمال اور بزنس ریکارڈز میں کرپشن کرنے کے الزامات پر فرد جرم عائد کی گئی ہے جس میں سے 34 الزامات کو سابق صدر نے مسترد کردیا ہے۔