نیودہلی : (ویب ڈیسک ) بھارتی ہمالین ریاست سکم میں برفانی تودہ گرنے سے 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے شمال مشرق میں ریاست سکم کے ناتھولا ماؤنٹین پاس پر مقامی وقت کے مطابق 12:20 پر برفانی تودہ گرا۔
برفانی تودہ گرنے سے سیاحوں کی متعدد گاڑیاں برفانی تودے کی زد میں آگئیں، امدادی کارروائیوں کے دوران برفانی تودے تلے دبنے والے 20 افراد کو بچا لیا گیاہے اور مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
زندہ بچ جانے والے افراد میں سے 8 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ، امدادی ٹیموں کی جانب سے تلاش اور بچاؤ کی کوششیں جاری ہیں کیونکہ برفانی تودے کے نیچے اب بھی زندہ بچ جانے کا امکان موجود ہے۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اپریل میں اس علاقے میں برفانی تودہ گرنا غیر معمولی ہے جبکہ ایک روز پہلے تک یہاں غیر موسمی بارشیں بھی ہوتی رہی ہیں۔
گزشتہ دو سالوں کے دوران بھارتی ہمالیہ میں برفانی تودے گرنے کے واقعات میں کم از کم 120 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ چین کے ساتھ ملحقہ ہندوستان کی سرحد پر واقع یہ ماؤنٹین پاس اپنے مناظر کی وجہ سے مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔