بھارت : مسلح افراد نے دن دیہاڑے مسلمان سابق رکن پارلیمان اور ان کے بھائی کو قتل کردیا

Published On 16 April,2023 08:35 am

نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست اتردیش کے شہر پریاگ راج (الہ آباد ) میں سابق رکن پارلیمان (ایم پی ) عتیق احمد اور ان کے بھائی کو پولیس اور میڈیا کے سامنے قتل کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عتیق احمد اور اشرف کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب رپورٹرز ان سے سوالات کررہے تھے۔

عتیق احمد اور ان کے بھائی کو حراست میں میڈیکل کے لیے مقامی ہسپتال لایا گیا تھا جہاں مسلح افراد نے پولیس اور ٹی وی کیمروں کے سامنے ہی اچانک سے دونوں کو گولیاں ماردیں ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے قتل میں ملوث تین مسلح افراد کو موقع پر گرفتار کرلیا ہے، ملزمان کی شناخت لولیش تیواری، سنی اور موریا کے ناموں سے ہوئی ہے۔

اس حوالے سے پریاگ راج کے پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تینوں ملزمان صحافیوں کے بھیس میں آئے تھے ۔

عتیق احمد اور اشرف سابق ایم ایل اے راجو پال کے قتل کے سلسلے میں جیل میں تھے،  انھیں راجو پال قتل کے گواہ امیش پال کے قتل کے معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے سابرمتی جیل سے پریاگ راج لایا گیا تھا۔

دو روزقبل  (جمعرات کو) عتیق احمد کے بیٹے اسد احمد اور ان کے ساتھ موجود ایک نوجوان غلام محمد کو اتر پردیش پولیس کی سپیشل ٹاسک فورس نے جھانسی میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا تھا۔

عتیق اور ان کے بھائی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ ہتھکڑی لگے بھائیوں کا قتل اور ہندو انتہا پسندی پر مبنی نعرے ریاست کے وزیراعلیٰ یوگی ادتیا ناتھ کی امن وامان کے قیام میں ناکامی کا بڑا ثبوت ہیں۔

اتر پردیش میں ہندو قوم پرست بی جے پی کی حکومت ہے اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے ان ہلاکتوں کو سکیورٹی کی خامی قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔