سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں بھی آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستان کے ساتھ عیدالفطر آج منائی جا رہی ہے جب کہ بھارت، بنگلادیش، ایران، ملائیشیا، تھائی لینڈ، سنگاپور، آسٹریلیا، برونائی، چاپان اور فلپائن میں بھی آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس، ہیوسٹن اور ڈیلس سمیت دیگر شہروں میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے جبکہ مساجد اور دیگر مقامات پر نماز عید کا اہتمام کیا گیا۔
ہیوسٹن میں عید الفطر کی نماز کا سب سے بڑا اجتماع اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن کے زیر اہتمام اسٹیفرڈ سوک سینٹر میں منعقد ہوا، اس اجتماع میں 5 ہزار سے زائد مسلمانوں نے شرکت کی، نماز کی امامت ممتاز عالم دین بشیر مولائی نے کی۔
اس کے علاوہ ڈیلس میں بھی کئی مساجد میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے، کیرالٹن کی مدینہ مسجد، ایپک ارونگ، مسجد ویلی رینچ ، دارالیمان آرلنگٹن اور دیگر مساجد میں نماز عید میں مرد، خواتین اور بچے بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر علماء کرام نے اپنے خطبہ میں اتحاد بین المسلمین پر زور دیا جبکہ مسلمانوں کی سلامتی اور ظلم سے نجات سمیت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔
عید کی نماز کے بعد لوگوں نے گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی۔