امریکی صدر کی جانب سے وائٹ ہاؤس میں عید ملن پارٹی کا اہتمام

Published On 02 May,2023 08:02 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر کی جانب سے مسلمانوں کیلئے عید ملن کے انعقاد، تقریب کو اسلاموفوبیا کے خلاف امریکی صدر کا مثبت پیغام قرار دے دیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے وائٹ ہاؤس میں منعقدہ عید ملن میں الہان عمر سمیت مسلم اراکین کانگریس، سفارتی، سیاسی، مذہبی اور مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والی تقریباً چار سو شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں ڈیموکریٹ رہنما ڈاکٹر آصف محمود، طاہر جاوید، امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد، گولڈ اسٹار فادر خضر خان اور امریکا کے پہلے مسلم وفاقی جج زاہد قریشی سمیت دیگر پاکستانیوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف محمود نے کہا کہ ان کی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیریس سے مختصر ملاقات میں تعمیری بات چیت ہوئی، مسلمانوں کے خلاف اسلاموفوبیا کے دور میں ایسی تقاریب کا اہتمام کمیونٹی کیلئے مثبت پیغام ہے۔

پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ طاہر جاوید کا کہنا تھا کہ عید ملن صدر بائیڈن کی جانب سے بہت اچھا علامتی پیغام تھا، انہوں نے رمضان اور عید کے بارے میں بہت اچھے کلمات ادا کیے، ساتھ ہی انہوں نے مسلم اور پاکستانی امریکنز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔