سوڈان میں 24 گھنٹے کی جنگ بندی ختم، خرطوم دوبارہ میدان جنگ بن گیا

Published On 11 June,2023 10:36 pm

خرطوم: (ویب ڈیسک) سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے کچھ حصوں میں 24 گھنٹے سے جاری جنگ بندی کے خاتمے کے فوری بعد جھڑپوں اور توپ خانے سے گولہ باری شروع ہوگئی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دارالحکومت خرطوم کے ملحقہ دو شہروں میں سے ایک اُم درمان کے شمال میں جنگ بندی ختم ہونے کے فوراً بعد لڑائی دوبارہ شروع ہو گئی تھی۔

خرطوم اور اُم درمان کے ساتھ دریائے نیل کے سنگم پر تیسرا شہر بحری واقع ہے اور ان تینوں شہروں میں حالیہ خانہ جنگی کے دوران میں متحارب فورسز میں زیادہ شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کے مشرقی مضافات میں شرق النیل کے علاقے میں توپ خانے سے فائرنگ کی گئی جبکہ خرطوم میں دھماکوں اور جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور سعودی عرب کی ثالثی میں جنگ بندی طے کی گئی تھی تاکہ ملک بھر میں انسانی امداد کی اشد ضرورت کے محفوظ راستے کو آسان بنایا جا سکے۔