کیف : ( ویب ڈیسک ) یوکرین کے صدر ولا دی میر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرینی افواج ملک کے مشرق اور جنوب میں روسی فوج ’ دشمن کو تباہ ‘ کر رہی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کے جنوب اور مشرق میں ہمارے فوجی فعال طور پر دشمن کو تباہ کر رہے ہیں اور یوکرین کو جسمانی طور پر پاک کر رہے ہیں۔
زیلنسکی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف دفاع کا مطلب دہشت گردوں کو تباہ کرنا ہے اور یہ اس بات کی ضمانت ہے کہ برائی کی ریاست کو کبھی بھی یوکرین میں برائی لانے کا موقع نہیں ملے گا۔
دوسری جانب روس کے زیرانتظام مقامی حکام کا کہنا ہے کہ روس کے زیر کنٹرول قصبے نووا کاخووکا میں یوکرین کے ڈرون حملے میں ایک خاتون ہلاک اور چار افراد زخمی ہو گئے۔
علاوہ ازیں اقوام متحدہ میں امریکی ایلچی نے روس کو یوکرین میں جنگ کی وجہ سے پناہ گزینوں کی تعداد میں ریکارڈ بریک اضافے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے ایک بیان میں کہا کہ یوکرین میں صدر پیوٹن کی بلاجواز جنگ بنیادی طور پر مہاجرین کی تعداد میں ریکارڈ توڑ اضافے کی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ سوڈان میں لڑائی لوگوں کی بڑے پیمانے پر نقل و حرکت کو متحرک کر رہی ہے، دنیا کو ایک بے مثال عالمی نقل مکانی کے بحران کا سامنا ہے کیونکہ جنگ، تنازعات، آفات اور سیاسی عدم استحکام ریکارڈ تعداد میں لوگوں کو اپنے گھروں سے بھاگنے پر مجبور کر رہے ہیں۔