مودی سرکار مخالف رائے رکھنے والا آخری چینی صحافی بھی بھارت سے روانہ

Published On 28 June,2023 11:41 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت سے آخری چینی صحافی بھی روانہ ہوگیا، مودی سرکار مخالف رائے رکھنے پر ہندوستان سے چینی نیوز ایجنسی سے وابستہ صحافی کو بھارت چھوڑنا پڑا ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں آزادی رائے کی کوئی جگہ نہیں رہی، مودی سرکار مخالف رائے رکھنے پر چینی نیوز ایجنسی سنہوا سے تعلق رکھنے والے صحافی کو بھارت چھوڑ کر جانا پڑا جو کہ دنیا میں کہیں بھی صحافیوں کی آواز دبانے کی بدترین کوشش ہے،سال 1980ء کے بعد بھارت میں کوئی چینی صحافی موجود نہیں ہے۔

بھارتی حکام کی جانب سے 2020ء سے چینی صحافیوں کے ویزہ کی مدت میں مسلسل رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، بھارت میں اقلیتوں کے خلاف جاری بدترین دہشت گردی اور وارداتوں پر پردہ ڈالنے کیلئے ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

بھارتی حکام اقلیتوں کے حقوق کی بدترین پامالی میں ملوث ہیں جس سے دنیا بھر میں شدید خدشات پائے جا رہے ہیں، عالمی اداروں کی جانب سے بھارتی حکومت کے فاشسٹ رویے کی بھرپور مذمت کی ضرورت ہے۔