سری نگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ جموں و کشمیر کے رہائشی بھارتی فوج کے اہلکار نے درخت سے لٹک کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے نیم فوجی دستے کے اہلکار کی لاش تعیناتی کے مقام پر درخت سے لٹکی ہوئی ملی، سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 31 سالہ اہلکار کی رہائش جموں کشمیر میں تھی تاہم حال ہی میں اسے ریاست اوڈیشہ میں ایک سٹیل پلانٹ میں تعینات کیا گیا تھا۔
ایک دن ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے پر اہلکار کی تلاش شروع کی گئی تو اس کی لاش سٹیل پلانٹ کے فوجی بیرک کے نزدیک ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی، ساتھی اہلکاروں نے لاش کو ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 15 گھنٹے قبل خودکشی کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مرنے والے پیرا ملٹری فورس کے اہلکار کی شناخت ساحل کمار کے نام سے ہوئی ہے، مقامی پولیس تاحال خودکشی کی وجہ کا تعین نہیں کر سکی ہے، لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی گاؤں روانہ کر دیا گیا۔