پیرس، نیویارک سمیت دنیا کے مختلف شہروں میں اسرائیل مخالف مظاہرے

Published On 28 May,2024 09:22 am

نیویارک : (ویب ڈیسک ) فلسطین پر ناحق جنگ مسلط کرنے اور غزہ میں عالمی عدالت انصاف کے حکم کی دھجیاں بکھیرنے والے اسرائیل کیخلاف دنیا بھر میں مظاہرے تاحال جاری ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس، نیویارک، بارسلونا، تیونس اور مانچسٹر سمیت دنیا کے مختلف شہروں میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے کیے گئے۔

پیرس میں پولیس اور فلسطین کے حامی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں، مظاہرین نے فرانسیسی حکومت سے اسرائیل کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کردیا۔

بارسلونا میں یورپی کمیشن کے صدر دفتر اور میڈرڈ میں وزارت خارجہ کے باہر سینکڑوں مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف سخت پابندیوں کا مطالبہ کیا جبکہ تیونس میں ہزاروں افراد نے فلسطینی پرچم لہرا کر فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیلی حملے رکوانے پر زور دیا۔

نیویارک شہر میں سینکڑوں فلسطینی حامی مظاہرین نے بارش کے باوجود مارچ کرتے ہوئے رفح میں اسرائیلی حملے پر غم و غصے کا اظہار کیا۔

ادھر مانچسٹر یونیورسٹی کے تاریخی کیمپس پر اسرائیل مخالف مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہرا دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات اسرائیلی فوج کے رفح پناہ گزین کیمپ پر حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 75 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے تھے، اسرائیلی افواج نے بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا، اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں آگ لگ گئی اور بیشتر افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں سات ماہ سے زیادہ عرصے کے دوران شہیدفلسطینیوں کی تعداد36 ہزار سے زائد ہو چکی ہےجبکہ زخمیوں کی تعداد 81 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔