بھارت: عام انتخابات میں نشستیں کھونے کے باوجودحکمران اتحاد کوبرتری

Published On 05 June,2024 08:50 am

نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت تصور کیے جانے والے بھارت کے عام انتخابات میں نریندر مودی نشستیں گنوانے کے باوجود ایک مرتبہ پھر اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور وہ لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعظم بننے کے لیے تیار ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکمراں جماعت بی جے پی سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی تاہم اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت سازی کیلئے آج کوششوں کا آغاز کرے گی جبکہ 10 برس بعد غیرمعمولی نشستیں جیت کر بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نریندر مودی سمیت حکمراں اتحاد کیلئے پھر سے ڈراؤنا خواب بن گئی ہے۔

بھارت کے سابق حکمراں اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی میٹنگ آج ہوگی جس میں بی جے پی نریندر مودی کو تیسری بار وزیراعظم نامزد کرانے کی کوشش کرے گی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق ماہرین نے الیکشن میں مودی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کی پیشگوئی کی تھی لیکن اس کے برعکس ایک دہائی میں پہلی بار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شدید دھچکا لگا ہے اور کانگریس کی زیر قیادت اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ نے الیکشن میں بڑی تعداد میں نشستیں حاصل کیں۔

نتائج کی آمد کے ساتھ ہی بھارتی سرمایہ کاروں کو بڑا دھچکا لگا اور سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان دیکھا گیا اور 2014 میں پہلی مرتبہ اقتدار میں آنے والے مودی کو اس مرتبہ حکومت سازی کے لیے کم از کم تین علاقائی جماعتوں پر انحصار کرنا ہو گا۔

مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی نے 2014 کے انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل کی اور پھر 2019 میں اس سے کہیں زیادہ بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے بھاری اکثریت حاصل کی تھی جس کی بدولت ان کی جماعت کو یکطرفہ بنیادوں پر فیصلے کرنے بڑی مدد ملی۔

بی جے پی کو ماضی کی 303 نشستوں کے مقابلے میں اس بارصرف 240 نشستوں پر کامیابی ملی ہے جبکہ 543 رکنی لوک سبھا میں سادہ اکثریت کیلئے 272 نشستیں درکار ہیں۔

2019 کے انتخابات میں حکمراں اتحاد کو ملی 353 میں سے 303 نشستیں بی جے پی نے حاصل کی تھیں تاہم کانگریس نے مودی کا اس بار چار سو نشستیں حاصل کرنے کا خواب چکنا چور کردیا۔

کانگریس کی زیر قیادت اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کو 231 نشستوں پر برتری حاصل ہے، بی جے پی اتحاد کیساتھ 295 نشستیں جیت سکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عوام نے ثابت کردیا وہ مودی، امیت شاہ کونہیں چاہتے: راہول گاندھی

 بھارت کی ریاست اتر پردیش میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد انڈیا سے لوک سبھا الیکشن میں حصہ لینے والے تمام مسلم امیدوار کامیاب ہوگئے۔

انتخابات میں غیر متوقع نتائج کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی نے لگاتار تیسری مرتبہ بی جے پی اور این ڈی اے پر اعتماد کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تیسری بار حکومت کرنے جارہے ہیں ،  میں اس محبت پر عوام کا شکر گزار ہوں اور ہم گزشتہ دہائی کے دوران کیے گئے اچھے کاموں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے بی جے پی اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کی شاندار کوششوں کے ساتھ الفاظ انصاف نہیں کر سکیں گے۔