بھارتی صدر کو نومنتخب ارکانِ پارلیمنٹ کی فہرست آج پیش کی جائیگی

Published On 06 June,2024 02:08 pm

نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارت میں عام انتخابات کے بعد اب آنے والی حکومت کا خاکہ کافی حد تک واضح ہو چکا ہے، بھارتی چیف الیکشن کمشنر آج صدر کو پارلیمنٹ کے نومنتخب ارکان کی فہرست پیش کریں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی حکومت بنانے کا اعلان کر چکے ہیں اور حکومت سازی کی لیے بی جے پی کی حلیف پارٹیاں اور ان کے مخالفین پر مشتمل انڈیا الائنس (انڈیا) اس وقت جوڑ توڑ اور مشاورت کے مرحلے میں ہیں۔

صدر اکثریت والی جماعت کو حکومت بنانے کی دعوت دیں گے، امکان ہے کہ نریندر مودی 9 جون کو تیسری مدت کیلئے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

نریندر مودی کے لیے یہ پہلا موقع ہو گا، جب گجرات کے وزیر اعلی ہونے سے لے کر وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہونے تک، مخلوط حکومت کی قیادت کرنی ہو گی۔ تاہم مخلوط حکومت چلانا ایک مشکل کام ہے، جس میں توازن کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ تقریب میں شرکت کیلئے کل نئی دلی روانہ ہوں گی جبکہ سری لنکا کے رہنما کی بھی تقریب میں شرکت کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عام آدمی پارٹی کے تمام رکن پارلیمنٹ کی میٹنگ آج ہوگی جس میں الیکشن کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔