امریکی صدر ٹرمپ کا ایلون مسک کو خدمات پر سونے کی چابی کا تحفہ

Published On 02 June,2025 03:18 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ٹرمپ نے ایلون مسک کو خدمات پر سونے کی چابی کا تحفہ دے دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریب سے خطاب میں کہا ایلون مسک نے امریکا کے پرانے طریقے بدل ڈالے، ہم نے بے شمار غیر ضروری معاہدے منسوخ کئے اور اربوں ڈالر کی بچت کی۔

 ایلون مسک نے چند روز قبل ٹرمپ کابینہ میں اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے حکومتی اداروں میں بڑے پیمانے پر کٹوتیاں کیں، جس سے ہزاروں وفاقی ملازمین برطرف یا سبکدوش ہوئے اور کئی حکومتی ایجنسیاں مکمل یا جزوی طور پر بند کر دی گئیں۔

اس دوران کئی اہم سرکاری ادارے متاثر ہوئے، جن میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) شامل ہے جو دنیا بھر میں غریبوں کے لیے امداد فراہم کرتا تھا۔

بوسٹن یونیورسٹی کے محققین کے مطابق ان کٹوتیوں کے باعث لاکھوں افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑیں یا وہ ہلاک ہو چکے ہیں، ابتدائی طور پر ایلون مسک نے 1 سے 2 کھرب ڈالر کی بچت کا دعویٰ کیا تھا، مگر بعد میں یہ ہدف کم ہو کر 150 ارب ڈالر رہ گیا۔

DOGE کی ویب سائٹ پر بچت 175 ارب ڈالر ظاہر کی گئی ہے، مگر اس ڈیٹا میں کئی خامیاں اور مبالغہ آرائیاں سامنے آ چکی ہیں۔