کٹوتی، اخراجات کا بل امریکی صدر کا گھناؤنا اور مکروہ فعل ہے: مسک

Published On 04 June,2025 06:33 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) ایلون مسک نے کہا کہ کٹوتی اور اخراجات کا بل امریکی صدر کا گھناؤنا اور مکروہ فعل ہے۔

ایلون مسک نے امریکی صدر کے ٹیکس میں کٹوتی اور اخراجات بل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈٹرمپ کے کٹوتی اور اخراجات بل کو مزید برداشت نہیں کرسکتا، بل کے حق میں ووٹ دینے والوں کو شرم آنی چاہئے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے چند روز پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ حکومت میں اپنی ذمہ داری سے سبکدوش ہو رہے ہیں، انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وفاقی نوکرشاہی کو مختصر کرنے کی کوششوں کی قیادت کی تھی۔

انہوں نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا تھا کہ چونکہ میری بطور خصوصی سرکاری ملازم مقررہ مدت ختم ہو رہی ہے، میں صدر کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اضافی اخراجات کو کم کرنے کا موقع دیا، ڈی او جی ای مشن وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتا جائے گا کیونکہ یہ حکومت میں بتدریج ایک طرزِ زندگی کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔