اختلافات میں شدت، ایلون مسک کا ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ

Published On 06 June,2025 07:01 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ٹرمپ اور ایلون مسک میں اختلافات شدت اختیار کر گئے۔

ایلون مسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ کر دیا، ٹرمپ کی جگہ جے ڈی وینس کی تعیناتی کی بھی سفارش کردی، دونوں رہنماؤں کے اختلافات میں ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کے حصص 14فیصد تک گر گئے۔

ناسا سربراہی کیلئے جیرڈآئزک مین کی نامزدگی واپس لے لی گئی، امریکی صدر نے ایلون مسک کی سفارش پر جیرڈ کا انتخاب کیا تھا، ایلون مسک نے نئی سیاسی جماعت بنانے پر غور شروع کردیا۔

ایلون مسک نے ایکس پر بیان میں کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بہت بڑا انکشاف کیا جائے، ٹرمپ کا نام ہونے کی وجہ سے ایپسٹین فائلز منظر عام پر نہیں لائی گئیں، ٹرمپ کا نام جنسی سکینڈلز میں بدندم ایپسٹین کی فائلوں میں موجود ہے، یاد رکھیں ،سچ ایک دن ضرور سامنے آئے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طنز کرتے ہوئے کہاکہ ایلون مسک بل کے معاملات سے بخوبی واقف تھے، پتہ نہیں تھا مسک منشیات استعمال کرتے ہیں، مسک سے متعلق کسی بھی معاملے سے تشویش نہیں، ایلون مسک کو حکم دیا تھا کہ وہ انتظامیہ سے الگ ہو جائیں، ارب پتی پاگل ہو گیا ہے۔

دوسری طرف ٹرمپ اور ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک کے درمیان لفظی جنگ کے شدت اختیار کرنے سے ٹیسلا کے شیئرز میں 14 فیصد کمی دیکھی گئی  اور کمپنی کو 152 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے جو اس کی تاریخ کا سب سے بڑا جھٹکا ہے۔