بھارتی حکومت کے سکھ مقدس مقام گولڈن ٹیمپل پر حملے کو 41 سال مکمل

Published On 06 June,2025 12:54 pm

امرتسر : (دنیا نیوز) بھارتی سکھوں کے خلاف گولڈن ٹیمپل پر کیے گئے آپریشن بلیو اسٹار کو 41 برس مکمل ہو گئے، بھارتی سکھوں کو لگائے گئے1984ء کے زخم آج بھی تازہ ہیں اور سکھ برادری انصاف کی آج بھی منتظر ہے۔

بھارتی فوج نے گولڈن ٹیمپل کا تقدس پامال کیا جو آج بھی بھارتی سکھوں کے دلوں میں خنجر کی طرح پیوست ہے، بھارت کے اس ظلم کیخلاف آواز آج بھی گونجتی ہے، اس حملے کو سکھ بھولے ہیں نہ کبھی بھولیں گے۔

آپریشن بلیو سٹار میں بھارتی فوج نے سانت جرنیل سنگھ بھنڈرانوالے کو اکال تخت میں قتل کیا، جنرل شبھگ سنگھ کو گولڈن ٹیمپل میں قتل کیا گیا، آل انڈیا سکھ سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر امریک سنگھ کو بھی فوجی کارروائی میں مار دیا گیا، اسی طرح ببر خالصہ کے بانی رکن مہنگا سنگھ ببر کو بھی گولڈن ٹیمپل میں مار دیا گیا ۔

سکھ تنظیموں کے مطابق آپریشن بلیو سٹارمیں 5000 سے زائد بے گناہ سکھ یاتریوں کو مار دیا گیا، بھارتی فوج نے 13 سالہ بے گناہ سربجیت سنگھ دادھر کو بھی مار دیا جو کہ سب سے کم عمر تھا۔

ہر سال جون میں سکھ برادری آپریشن بلیو سٹار میں مارے جانے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔