برسلز: (دنیا نیوز) یورپی یونین نے نیتن یاہو کے وارنٹ جاری کرنیوالے ججوں کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ یورپی یونین ہیگ میں قائم عالمی عدالت کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔
یورپی کمیشن کی صدر اورسلا وان ڈیر لائن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئی سی سی دنیا کے سنگین ترین جرائم کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لاتی ہے اور متاثرین کو آواز دیتی ہے، اسے دباؤ سے آزاد ہو کر کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔"
کمیشن کی ترجمان انیتا ہیپر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ہم ان چار اضافی افراد پر پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، ہم عدالت اور اس کے عملے کے تحفظ کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔
امریکا نے یہ پابندیاں جمعرات کو لگائیں جن میں سے دو ججوں نے گزشتہ سال اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے والی کارروائی میں حصہ لیا تھا جبکہ باقی دو جج افغانستان میں امریکی افواج کے مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات میں شامل تھے۔
یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل دونوں آئی سی سی کے بانی معاہدے کے فریق نہیں ہیں۔
یورپی کونسل کے سربراہ انٹونیو کوسٹا نے بھی آئی سی سی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کسی قوم کے خلاف نہیں بلکہ بے گناہی کے خلاف ہے، ہمیں عدالت کی خودمختاری اور ساکھ کا تحفظ کرنا ہوگا، قانون کی حکمرانی کو طاقت کی حکمرانی پر غالب آنا چاہیے۔