تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے ایٹمی معاملہ بارے امریکہ کو جلد تجویز پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم جلد ہی اپنی تجویز کو حتمی شکل دینے کے بعد سلطنت عمان (ثالث) کے ذریعے دوسری طرف پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک معقول، منطقی اور متوازن تجویز ہے اور ہم پر زور مشورہ دیتے ہیں کہ امریکی فریق اس موقع سے فائدہ اٹھائے، یہ بیان امریکی تجویز کے جواب میں سامنے آیا ہے جسے تہران نے ’’ناقابل قبول‘‘ قرار دیا ہے۔
عالمی میڈیا نے پہلے اطلاع دی تھی کہ تہران مئی کے اواخر میں امریکہ کی طرف سے پیش کی گئی تجویز کو مسترد کرنے کے جواب کی تیاری پر کام کر رہا ہے۔
ایک ایرانی سفارت کار کا کہنا تھا کہ امریکی پیش کش سے ایرانی سرزمین پر یورینیم کی افزودگی، ایران کے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخیرے کو بیرون ملک بھیجنے اور امریکی پابندیاں ہٹانے سے متعلق اقدامات کے تنازعات حل نہیں ہوئے۔
اسماعیل بقائی کا مزید کہنا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کے چھٹے دور کے وقت کے بارے میں کوئی تفصیلات موجود نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایرانی رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ملک کے مفادات کے خلاف ہے اور اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ تہران یورینیم کی افزودگی جاری رکھے گا۔