بھارت میں یاتریوں کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 7 افراد ہلاک

Published On 15 June,2025 09:59 am

نئی دہلی : (ویب ڈیسک) بھارتی شہر کیدار ناتھ یاترا سے واپسی پر ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے جس سے 7 افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

بھارتی حکام نے بتایا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر ہندو یاتریوں کو ایک مقدس مقام سے واپس لا رہا تھا جب وہ ہمالیہ کے پہاڑوں میں گر کر تباہ ہو گیا،  یہ المناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب لوگ ابھی جمعرات کے روز احمد آباد کے رہائشی علاقے میں مسافر طیارہ گرنے سے ہلاک ہونے والے کم از کم 279 افراد کا سوگ منا رہے تھے۔

ریاست اتراکھنڈ کے محکمہ ڈیزاسٹر رسپانس کے افسر نندن سنگھ راجوار نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے پائلٹ اور تمام 6 مسافر ہلاک ہو گئے، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہیلی کاپٹر کیدارناتھ مندر سے روانہ ہوا تھا۔

ریاست کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اس حادثے کو انتہائی افسوسناک خبر قرار دیتے ہوئے ریسکیو ٹیمیں روانہ کرنے کی تصدیق کی، ضلع کے سیاحت کے افسر راہول چوبے کے مطابق موسم کی خرابی ممکنہ طور پر حادثے کی وجہ بنی۔

کیدارناتھ مندر گرمیوں میں یاتریوں کے لیے قابلِ رسائی ہوتا ہے، جو سطحِ سمندر سے 3 ہزار 584 میٹر کی بلندی پر واقع ہے، سخت چڑھائی سے بچنے کے لیے مالدار یاتری ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سفر کو ترجیح دیتے ہیں اور اس مقصد کے لیے چھوٹی سطح کی نجی کمپنیوں کی صنعت بھی قائم ہو چکی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں 6 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جو اُسی زیارت گاہ کی طرف جا رہے تھے۔