مقبوضہ بیت المقدس : (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایرن کے جوہری نتصیبات پر حملہ کرنے کا فیصلہ تاریخ بدل دے گا۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کے دو عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے بعد ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ آج رات جو امریکا اور صدر ٹرمپ نے غیر معمولی طاقت کا مظاہرہ کیا، امریکا واقعی بے مثال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں یہ لکھا جائے گا کہ صدر ٹرمپ نے دنیا کے سب سے خطرناک نظام کو دنیا کے سب سے خطرناک ہتھیاروں سے محروم رکھنے کے لیے اقدام کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت تاریخ کا ایک نیا رخ متعین کر رہی ہے، جو مشرق وسطیٰ اور اس سے آگے امن و خوشحالی کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مبارک ہو صدر ٹرمپ، ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا آپ کا جراتمندانہ فیصلہ تاریخ کو بدل دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ اور میں اکثر کہتے ہیں طاقت کے ذریعے امن، پہلے طاقت آتی ہے اور پھر امن جب کہ آج رات، صدر ٹرمپ اور امریکا نے زبردست طاقت کے ساتھ عمل کیا۔