راجستھان میں سکول کی عمارت منہدم، 4 بچے ہلاک، 40 ملبے تلے دب گئے

Published On 25 July,2025 10:29 am

جے پور: (ویب ڈیسک) راجستھان کے ضلع جھالاواڑ میں ایک سرکاری سکول کی عمارت گرنے سے کم از کم چار بچے ہلاک ہو گئے جبکہ درجنوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ افسوسناک واقعہ صبح تقریباً ساڑھے 8 بجے مانوہرتھانہ کے علاقے میں واقع پیپلوڈی گورنمنٹ سکول میں پیش آیا، اس وقت سکول میں تقریباً 40 بچے، اساتذہ اور عملہ موجود تھے جب ایک منزلہ عمارت کی چھت اچانک منہدم ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سکول کی عمارت خستہ حال تھی اور اس بارے میں متعدد شکایات پہلے ہی درج کرائی گئی تھیں، سکول میں آٹھویں جماعت تک تعلیم دی جاتی ہے۔

جھالاواڑ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس امیت کمار نے بتایا کہ 4 بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 17 زخمی ہیں، ان میں سے 10 بچوں کو جھالاواڑ ریفر کیا گیا ہے جن میں سے تین سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔

سکول کی عمارت منہدم ہونے پر مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر ملبے تلے دبے بچوں، اساتذہ اور دیگر افراد کو نکالنے کی کوششیں شروع کیں، اس کے بعد چار مشینیں بھی امدادی کاموں میں حصہ لینے کے لیے موقع پر پہنچ گئیں۔

ضلعی انتظامیہ کے افسران، بشمول ڈپٹی کمشنر اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، حادثے کی اطلاع ملتے ہی بچوں کے والدین اور رشتہ دار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔