بھارت میں زیادتی کے پے در پے واقعات، مودی راج میں خواتین کی زندگی اجیرن

Published On 28 July,2025 11:34 am

دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں زیادتی کے پے در پے واقعات اور ان پر مودی حکومت کی ناکامی نے خواتین کی زندگی کو جہنم بنا دیا۔

مودی راج اور ریاستی سرپرستی میں بھارتی خواتین خود کو غیرمحفوظ تصور کرنے لگی ہیں، بی جے پی کے کٹھ پتلی وزیراعظم نریندر مودی کے دور اقتدار میں ریاستی ناکامیوں کا شکار خواتین ایک بار پھر ظلم کے نشانے پر ہیں جہاں عصمت دری کا ایک اور واقعہ مودی کی مسلسل ریاستی ناکامی کو ثابت کرتا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق بہار میں 26 سالہ خاتون کو ایمبولینس میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، متاثرہ خاتون گارڈ بھرتی کے دوران جسمانی ٹیسٹ دیتے ہوئے بے ہوش ہو گئی تھی۔

متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ نیم بے ہوشی کے دوران ایمبولینس میں 3 سے 4 افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے ایمبولینس کے روٹ اور وقت کی تصدیق کر لی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے بہار میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے، ریاستی انتظامیہ مجرموں کے سامنے جھک چکی ہے، قتل، عصمت دری، چوری، ڈکیتی جیسے جرائم مسلسل ہو رہے ہیں، یہ صرف زیادتی نہیں بلکہ مودی کی سرپرستی میں ایک مکمل ادارہ جاتی ناکامی ہے۔

یہ واقعہ کسی سنسان گلی میں نہیں بلکہ سرکاری بھرتی کے دوران پیش آیا ہے، ناقص انتظامات کے باعث پیش آنے والے واقعے نے مودی سرکار کی نااہلی کو بے نقاب کر دیا ہے، مودی سرکار کے "بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ" جیسے نعرے محض سیاسی دکھاوا ہیں۔