ماسکو، کیف : (ویب ڈیسک) روس کے بحیرہ اسود کے سیاحتی مقام سوچی کے قریب تیل کے ایک بڑے ڈپو میں صبح آگ بھڑک اٹھی، جس کا الزام روسی حکام نے یوکرین کے ڈرون حملے پر عائد کیا ہے۔
روسی حکام کے مطابق یوکرین کے حملے کے بعد اسی علاقے میں واقع سوچی ایئرپورٹ سے پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔
کراسنوڈار ریجن کے گورنر وینیمین کونڈراتیف نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ یوکرینی ڈرون کا ملبہ ایک ایندھن کے ٹینک سے ٹکرا گیا تھا اور 127 فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے میں مصروف تھے۔
ادھر جنوبی یوکرین کے شہر میکولائیو میں حکام نے بتایا کہ روسی میزائل حملے سے شہریوں کے مکانات اور انفراسٹرکچر تباہ ہو گئے ہیں۔
بحیرہ اسود کے قریب واقع اس قصبے میں ہونے والے حملے میں کم از کم تین شہری زخمی ہوئے، روس کئی بار اس قصبے پر گولہ باری کر چکا ہے۔
یوکرین کی ایمرجنسی سروس نے میزائل حملے کے بعد جائے وقوعہ پر فائر فائٹرز کی تصاویر پوسٹ کیں۔