یوکرین کے ساتھ امن مذاکرات میں کچھ مثبت پیش رفت ہوئی ہے: پیوٹن

Published On 04 August,2025 01:59 am

ماسکو: (دنیا نیوز) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ یوکرین کے ساتھ امن مذاکرات میں کچھ مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے بیان میں کہا کہ بات چیت جاری رکھنا چاہتے ہیں، ہمیں پائیدار اور مکمل امن چاہئے، یہ ناصرف روس اور یوکرین بلکہ پورے یورپ کی سلامتی کیلئے اہم ہے۔

ولادیمیر پیوٹن کا مزید کہنا تھا کہ ٹرمپ یوکرین امن مذاکرات پر ضرورت سے زیادہ توقعات کے باعث مایوسی کا شکار ہیں۔

 واضح رہے کہ روس کے بحیرہ اسود کے سیاحتی مقام سوچی کے قریب تیل کے ایک بڑے ڈپو میں صبح آگ بھڑک اٹھی، جس کا الزام روسی حکام نے یوکرین کے ڈرون حملے پر عائد کیا تھا۔

روسی حکام کے مطابق یوکرین کے حملے کے بعد اسی علاقے میں واقع سوچی ایئرپورٹ سے پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔

کراسنوڈار ریجن کے گورنر وینیمین کونڈراتیف نے ٹیلی گرام پر بتایا تھا کہ یوکرینی ڈرون کا ملبہ ایک ایندھن کے ٹینک سے ٹکرا گیا تھا اور 127 فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے میں مصروف تھے۔

ادھر جنوبی یوکرین کے شہر میکولائیو میں حکام نے بتایا تھا کہ روسی میزائل حملے سے شہریوں کے مکانات اور انفراسٹرکچر تباہ ہو گئے ہیں، بحیرہ اسود کے قریب واقع اس قصبے میں ہونے والے حملے میں کم از کم تین شہری زخمی ہوئے، روس کئی بار اس قصبے پر گولہ باری کر چکا ہے۔

یوکرین کی ایمرجنسی سروس نے میزائل حملے کے بعد جائے وقوعہ پر فائر فائٹرز کی تصاویر پوسٹ کی تھیں۔