نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کی جنرل سیکرٹری پریانکا گاندھی بھی غزہ میں اسرائیلی مظالم پر خاموش نہ رہ سکیں۔
ایکس پر کانگریسی رہنما پریانکا گاندھی نے لکھا کہ اسرائیل 60 ہزار سے زیادہ افراد کو قتل کرچکا ہے جس میں 18ہزار 430 بچے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی پابندیوں کی وجہ سے سینکڑوں بچوں سمیت کئی افراد غذائی قلت سے مر رہے ہیں، اسرائیل کے ان جرائم پر خاموشی اور اس پر کارروائی نہ ہونا بذات خود ایک جرم ہے، یہ شرمناک ہے کہ اسرائیل غزہ پر تباہی مسلط کر رہا ہے اور بھارتی حکومت خاموش ہے۔
اپوزیشن رہنما نے مزید کہا کہ الجزیرہ کے 5 صحافیوں کا بہیمانہ قتل فلسطینی سرزمین پرایک اورگھناؤنا جرم ہے، سچائی کے لیے کھڑے ہونے والوں کا حوصلہ اسرائیل کے مظالم اور نفرت سے کبھی نہیں ٹوٹے گا۔
پریانکا گاندھی کا کہنا تھا کہ ان بہادر صحافیوں نے ہمیں بتایا ہے کہ حقیقی صحافت کیا ہے، خدا ان کی روح کو سکون دے۔