نیپالی انقلابیوں کا الیکشن کا مطالبہ، سابق چیف جسٹس عبوری حکومت سنبھالنے پر آمادہ

Published On 11 September,2025 06:40 am

کھٹمنڈو: (دنیا نیوز) نیپال کی سابق چیف جسٹس عبوری حکومت سنبھالنے پر آمادہ ہوگئیں۔

نیپالی نوجوانوں کی تحریک کے رہنماؤں کی فوجی قیادت سے ملاقات ہوئی، جین زی نے قابل از وقت انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا، جین زی ہی نے جسٹس سوشیلا کا نام عبوری حکومت کیلئے تجویز کیا تھا۔

نیپالی فوج نے دارالحکومت کھٹمنڈو میں تمام راستے بحال کرا لئے، پرتشدد مظاہروں میں 30 افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ نیپال میں نوجوان کرپشن کے خلاف اس وقت سڑکوں پر نکل آئے جب حکومت نے سوشل میڈیا سائٹس سمیت 26 ویب سائٹس پر پابندی عائد کی تاہم احتجاج کے بعد حکومت نے سوشل میڈیا پر عائد پابندی ختم کر دی تھی۔

نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو اور دیگر شہروں میں کرفیو کے باوجود صدر رام چندر پوڈیل اور وزیراعظم کے پی شرما اولی کی رہائش گاہ کو نذرِ آتش کر دیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال کے سابق وزرائے اعظم پشپا کمل دہل عرف پراچندا، شیر بہادر دیوبا اور وزیر توانائی دیپک کھڑکا سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں کے گھروں کو بھی مظاہرین نے نقصان پہنچایا اور ان پر حملہ کیا۔

نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی نے پرتشدد ہنگاموں کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔