جنیوا: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا نے غزہ میں قیام امن کے لیے 20 ہزار سے زائد فوج بھیجنے کی پیشکش کردی
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو (Prabowo Subianto) نے کہا کہ انڈونیشیا اقوام متحدہ کے امن دستوں میں سب سے زیادہ تعاون کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل یا جنرل اسمبلی فیصلہ کرتی ہے تو انڈونیشیا امن کے قیام میں مدد کے لیے غزہ یا کہیں بھی اپنی 20 ہزار یا اس سے بھی زائد امن فوج کے اہلکار بھیجنے کے لیے تیار ہے۔
انڈونیشیا کے صدر نے مزید کہا کہ ہر صورت ایک آزاد فلسطینی ریاست ہونی چاہیے مگر ساتھ ہی اسرائیل کے لیے سکیورٹی کی ضمانت بھی ہو تاکہ حقیقی طور پر دونوں ممالک میں امن حاصل کیا جاسکے۔
دوسری جانب گزشتہ روز امریکی میڈیا میں رپورٹ کیا گیا تھا امریکا چاہتا ہے کہ عرب اور مسلمان ممالک غزہ میں فوج بھیجنے پر آمادہ ہوں تاکہ اسرائیل انخلا کرسکے، امریکا یہ بھی چاہتا ہے کہ عرب اور مسلم ممالک فلسطین میں اقتدار کی منتقلی کے عمل اور بحالی کے کاموں کے لیے رقوم بھی دیں۔