مڈغاسکر میں پانی اور بجلی کی قلت پر پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے، کرفیو نافذ

Published On 26 September,2025 11:17 am

انتناناریوو : (دنیا نیوز) مڈغاسکر میں پانی اور بجلی کی قلت پر پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے جس پر حکومت نے دارالحکومت انتناناریوو میں شام سے صبح تک کرفیو نافذ کر دیا۔

مڈغاسکر میں بجلی اور پانی کی شدید کمی کے خلاف مظاہرے پرتشدد شکل اختیار کر گئے، ہزاروں نوجوان مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور پلے کارڈ اٹھا کر حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

جنرل انجیلو راوِلوناریوو نے کہا کہ کچھ افراد اس صورتحال کا فائدہ اٹھا کر دوسروں کی ملکیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، عوام اور ان کی ملکیت کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز نے شام 7 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو جب تک عوامی امن قائم نہ ہو جاری رہے گا۔

دارالحکومت کے ایک بڑے شاپنگ مال کو لوٹا اور آگ لگا دی گئی جبکہ دو ارکان پارلیمنٹ کے گھر بھی نقصان پہنچا، مظاہرین نے ’’ہمیں پانی چاہئے، ہمیں بجلی چاہئے‘‘ کے نعرے لگائے اور پولیس کی پابندی کے باوجود مارچ کیا، مظاہرے شہر کے مختلف علاقوں تک پھیل گئے۔

مڈغاسکر انڈین اوشین میں واقع ایک جزیرہ ہے اور شدید غربت کا شکار ہے، بعض لوگ صدر اینڈری راجویلینا کی حکومت کو معاشرتی حالات بہتر نہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔