ویتنام میں طوفان: ہوائی اڈے بند، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

Published On 29 September,2025 12:24 pm

ہنوئی: (دنیا نیوز) ویتنام میں شدید طوفان بوالوئی کے پیش نظر چار بڑے ہوائی اڈے بند کر دیے گئے اور ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔

ویتنامی حکام کا کہنا ہے کہ طوفان آج شب ویتنام کے وسطی حصے سے ٹکرائے گا، جس کی رفتار 133 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے باعث تیز ہوائیں، شدید بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات لاحق ہیں، شمالی اور وسطی صوبوں میں یکم اکتوبر تک 600 ملی میٹر بارش اور دریاؤں کی سطح میں 9 میٹر تک اضافہ متوقع ہے۔

وسطی صوبے ہاتین میں 15 ہزار سے زائد افراد کو منتقل کیا گیا ہے جبکہ فوجی دستے ہنگامی صورتحال کے لیے تیار ہیں، وِنہ شہر میں رہائشی اپنے گھروں کو محفوظ بنانے اور کشتیوں کو باندھنے میں مصروف ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق دا نانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت چار ایئرپورٹس بند کیے گئے ہیں اور کئی پروازوں کے اوقات تبدیل کر دیے گئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں سکول بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل اسی طوفان نے فلپائن میں تباہی مچائی تھی، جہاں 10 افراد جاں بحق اور متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے تھے، گزشتہ برس ویتنام میں طوفان یاگی سے تقریباً 300 افراد ہلاک ہوئے اور 3.3 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔