فلپائن: ساحل کے قریب 7.6 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری، انخلا کا حکم

Published On 10 October,2025 08:38 am

منیلا: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) جنوبی فلپائن کے ساحل کے قریب 7.6 شدت کا زلزلہ آیا ہے، سونامی وارننگ جاری کر دی گئی، سکول بند کر دیے گئے، شہری کھلے میدانوں میں آ گئے۔

فلپائنی میڈیا کے مطابق منڈاناؤ جزیرے کے دارالحکومت ڈیوس میں زلزلے کے جھٹکے آتے ہی شہری رہائشی و کاروباری عمارتوں سے باہر نکل آئے، سکول فوری طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔

فلپائن کے سرکاری ٹی وی نے ایسی فوٹیجز نشر کی ہیں جن میں شہریوں کو کھلے میدانوں میں بیٹھے دیکھا گیا، یہاں تک کہ ہسپتالوں کے عملہ بھی مریضوں کو باہر لے آیا۔ 

فلپائن کے زلزلہ پیما ادارے نے بتایا ہےکہ قریبی ساحلی علاقوں کے لوگوں کو اونچی جگہوں کی طرف فوری انخلاء کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یہ شدید زلزلہ منائے کے ساحل کے قریب جو کہ ڈاواؤ اورینٹل کے علاقے میں واقع ہے، سمندر میں آیا، زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

فلپائن انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی نے سونامی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام جوار سے ایک میٹر یا اس سے زیادہ اونچی لہریں متوقع ہیں، سونامی کی لہریں بند خلیجوں اور تنگ آبی راستوں میں زیادہ بلند ہو سکتی ہیں۔

انسٹی ٹیوٹ نے مختلف علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو کہا ہے کہ وہ فوراً اونچی جگہوں یا اندرونِ زمین کی طرف منتقل ہو جائیں، تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

دوسری طرف پاپوا نیو گنی میں بھی 6.1 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔

ساحلی علاقوں سے انخلاء کا حکم

فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے وسطی اور جنوبی فلپائن کے کچھ ساحلی علاقوں میں انخلاء کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے فیس بک پر ایک بیان میں کہا کہ جیسے ہی حالات محفوظ ہوں گے، تلاش، امداد اور بچاؤ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کی جائیں گی، انہوں نے متاثرہ علاقوں کے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اونچی جگہوں کی طرف منتقل ہو جائیں اور جب تک حکام محفوظ ہونے کا اعلان نہ کریں، ساحل سے دور رہیں۔

مارکوس جونیئر نے کہا کہ ہم چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں تاکہ ہر ضرورت مند تک بروقت امداد پہنچ سکے۔

آج صبح آنے والا یہ زلزلہ اس وقت آیا ہے جب فلپائن پہلے ہی قدرتی آفات کے ایک سلسلے سے شدید متاثر ہے، جنہوں نے ملک کے کئی حصوں کو تباہ کر دیا ہے۔

گزشتہ ہفتے، 7.0 شدت کا زلزلہ سیبو صوبے کے ساحلی شہر بوگو میں آیا، جس کے نتیجے میں 74 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے۔

شدید ٹراپیکل طوفان بوالوئی نے فلپائن کے وسط میں واقع چھوٹے جزیروں کو لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور لاکھوں کو انخلاء پر مجبور ہونا پڑا۔

اس کے علاوہ سال کے سب سے بڑے طوفان سپر ٹائفون راگاسا نے ستمبر میں فلپائن کے شمالی صوبے کگایان سے ٹکر مارا، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔

فلپائن میں زلزلے اکثر آتے رہتے ہیں۔