غزہ امن معاہدہ: حماس نے بھی مستقل جنگ بندی کا اعلان کر دیا

Published On 10 October,2025 03:47 am

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ امن معاہدہ کے مطابق حماس نے جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔

حماس رہنما خلیل الحیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج جنگ کے خاتمے اور مستقل جنگ بندی کا اعلان کرتے ہیں، ہمیں ثالث کاروں اور امریکی انتظامیہ سے جنگ کے خاتمے کی ضمانت ملی ہے، اسرائیل تمام فلسطینی خواتین و بچوں کو رہا کرے گا۔

خلیل الحیہ نے کہاکہ معاہدے میں رفاہ کراسنگ دونوں اطراف کھولنے کی شق شامل ہے، جنگ بندی کا معاہدہ مستقل امن کی بنیاد بنے گا۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان بڑا بریک تھرو ہوگیا ہے اور دونوں کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل اور حماس نے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر دستخط کر دیئے گئے، تمام یرغمالیوں کو بہت جلد رہا کر دیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا تھا کہ اسرائیلی افواج ایک متفقہ لائن تک پیچھے ہٹ جائیں گی، یہ مضبوط، پائیدار اور دائمی امن کی طرف پہلا قدم ہوگا، تمام فریقوں کے ساتھ منصفانہ برتاؤ کیا جائے گا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا، اسرائیل، تمام پڑوسی ممالک اور امریکا کیلئے عظیم دن ہے، قطر، مصر اور ترکی کا شکریہ، اس تاریخی اور بے مثال واقعے کو ممکن بنایا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے بھی کہا تھا کہ اسرائیلی یرغمالیوں کو گھر پہنچائیں گے، حماس کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ کے خاتمے، اسرائیلیوں کے انخلا اور یرغمالیوں کے تبادلے کو محفوظ بنانے کیلئے معاہدہ طے پا گیا۔

حماس نے امریکی صدر، عرب ثالثوں اور بین الاقوامی فریقوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اسرائیل کو معاہدے کی تمام شرائط پر مکمل عمل درآمد کے لیے پابند کریں اور اسے کسی بھی تاخیر یا وعدہ خلافی سے روکیں۔