ہزاروں فلسطینیوں کی شمالی غزہ کی طرف واپسی، ملبے سے 155 لاشیں برآمد

Published On 11 October,2025 10:45 am

غزہ: (ویب ڈیسک) غزہ جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے اعلان پر فلسطینیوں نے شمالی غزہ میں اپنی زمین کی طرف طویل سفر دوبارہ شروع کر دیا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حماس کے ساتھ طے پائے گئے جنگ بندی معاہدے کے تحت اپنی فوجوں کو متفقہ پوزیشنوں پر واپس بلا لیا ہے۔

عالمی صمود فلوٹیلا کا کہنا ہے کہ ان کے مشن میں شامل پانچ افراد، جو سمندری راستے سے غزہ پٹی میں امداد پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے، تقریباً 10 دن بعد اسرائیلی حراست سے رہا کر دیے گئے ہیں، ان کے بحری جہازوں کو بین الاقوامی پانیوں میں اسرائیلی افواج نے غیرقانونی طور پر روکا تھا۔

وَفا نیوز ایجنسی کے مطابق غزہ بھر کے ہسپتالوں میں تقریباً 155 فلسطینیوں کی لاشیں منتقل کی گئیں، جن میں سے 135 لاشیں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے سے نکالی گئی تھیں۔

اسرائیلی بمباری کے رکنے اور اسرائیلی افواج کے غزہ کے کئی علاقوں سے پیچھے ہٹنے کے بعد امدادی ٹیموں کو اب تباہ شدہ عمارتوں تک رسائی حاصل ہو رہی ہے تاکہ وہ ان افراد کی لاشیں نکال سکیں جو اسرائیلی حملوں میں جان سے گئے۔

طبی ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کو اسرائیلی فضائی حملوں میں 19 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ایک شخص اپنی پہلے کی چوٹ کے باعث چل بسا۔

دوسری طرف جنوبی لبنان کے ضلع صیدا کے گاؤں النجاریہ پر اسرائیلی حملے میں کم از کم ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے ہیں، جائے واقعہ پر بھاری تعداد میں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں روانہ ہو چکی ہیں تاکہ آگ پر قابو پایا جا سکے، جبکہ المسَیلہ روڈ کو شدید نقصان کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر دورا میں ایک چھاپے کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار دی اور پھر ایمبولینس کو زخمی تک پہنچنے سے روک دیا۔