نیویارک: (دنیا نیوز) نیویارک میں میئر الیکشن کے امیدوار ظہران ممدانی نے اسلاموفوبیا کو ہوا دینے والے مخالفین کو دوٹوک جواب دیا ہے۔
انتخابی مہم کے دوران ممدانی کا خطاب برونکس کی مسجد کے باہر ہوا، اپنے خطاب میں ظہران ممدانی نے مخالفین کے نسل پرستانہ اور بے بنیاد حملوں کا دوٹوک جواب دیا اور کہا کہ مخالفین نفرت کو ابھار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام دشمنی مسلمانوں کو متاثرکر رہی ہے، نیویارک میں مسلمان ہونا گناہ سمجھا جاتا ہے مگر ہم اسے تبدیل کریں گے، اسلاموفوبیا مخالفین کے درمیان واحد اتفاق بن گیا ہے۔
مسلم تنظیم کے مطابق سابق گورنر اینڈریو کومو نے گزشتہ روز تقریر میں مسلمانوں کیخلاف گفتگو کی تھی، اینڈریو کومو کا رویہ قابل مذمت، خطرناک اور شرمناک ہے، کومو خوف پھیلا کر سیاست کر رہے ہیں، کومو اتحاد پیدا کرنے کے بجائے تقسیم بڑھا رہے ہیں، ریپبلکن امیدوار کرٹس سلیوا نے بھی مباحثے میں ظہران ممدانی پر مذہبی تنقید کی تھی۔



