پاکستان اور الجزائر قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں: ہارون اختر خان

Published On 31 October,2025 10:03 pm

اسلام آباد:(نیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اور الجزائر قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں الجزائر کے قومی دن کے موقع پرتقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں ہارون اختر کی بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور الجزائرحکومت،عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔

اُنہوں نے کہا الجزائر کی جدوجہد سے آزادی کا سفر حوصلے کی لازوال داستان ہے، پاکستان الجزائر کی عبوری حکومت کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں پاکستان اور الجزائر کے تعلقات مختلف شعبوں میں مضبوط ہوئے ہیں، پاکستان اور الجزائر قدرتی وسائل سے مالا مال اور تربیت یافتہ افرادی قوت رکھتے ہیں۔

ہارون اختر خان نے مزید کہا کہ باہمی تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے ہم مشترکہ خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں، تقریب میں اُنہوں نے الجزائر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔