وینزویلا کا غیر ملکی دھمکیوں کو پس پشت ڈال کر اپنی فضائی حدود کا دفاع کرنے کا اعلان

Published On 01 December,2025 05:52 am

کراکس: (ویب ڈیسک) وینزویلا نے غیر ملکی دھمکیوں کو پس پشت ڈال کر اپنی فضائی حدود کا دفاع کرنے کا اعلان کر دیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وینز ویلا کا کہنا ہے کہ اس کا فضائی دائرہ مکمل طور پر بند سمجھا جانا چاہئے، وینز ویلا کی وزارت خارجہ کے بیان میں امریکا کو نوآبادیاتی خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان کا ملک اس نوآبادیاتی خطرے کی شدید مذمت کرتا ہے جو اس کی فضائی حدود کی خودمختاری کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، یہ ایک نیا اشتعال انگیز، غیر قانونی اور بلا جواز حملہ ہے جو وینزویلا کے عوام کے خلاف ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکا بحیرہ کیریبین کے علاقے میں وسیع پیمانے پر امریکی افواج بھیج کر وینزویلا پر دباؤ بڑھا رہا ہے،

وینزویلا کی وزارت خارجہ کے مطابق وینزویلا کے صدر نے کہا ہے کہ ڈونلڈٹرمپ کے سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغام کو سختی سے مسترد کرتا ہوں، بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ غیر معمولی طور پر احکامات جاری کر رہا ہے اور وینزویلا کی قومی فضائی حدود، ملک کی سرزمین کی سلامتی، فضائی سکیورٹی اور ریاستی خودمختاری کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اس قسم کے بیانات یک طرفہ اور جارحانہ عمل ہیں جو بین الاقوامی قانون کے سب سے بنیادی اصولوں کے خلاف ہیں اور ہمارے ملک کے خلاف مسلسل جارحانہ پالیسی کے دائرے میں آتے ہیں۔

وینزویلا کی حکومت نے کہا کہ ٹرمپ کا بیان لاطینی امریکا کے خلاف نوآبادیاتی رجحان ظاہر کرتا ہے، بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بیرون ملک سے کسی بھی ڈکٹیشن کو قبول نہیں کریں گے،ہماری فضائی حدود کا احترام ضروری ہے اور کسی بھی غیر ملکی خطرے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔