کراچی: (دنیا نیوز) ملک میں چینی کی پیداوار ضرورت سے زائد ہے، شوگر ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حکومت 10 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے تو 32 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوسکتا ہے۔
ملک میں چینی کی پیداوار مقامی ضرورت 50 لاکھ ٹن سے 14 لاکھ ٹن زائد ہے، دوسری جانب اس وقت عالمی منڈی میں چینی کی قیمت 325 ڈالر فی میٹرک ٹن تک پہنچ چکی ہے۔ شوگر ڈیلرز کے مطابق اگر حکومت فوری طور پر 10 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے تو 32 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا کثیر زرمبادلہ حاصل ہوسکتا ہے، جو موجودہ معاشی صورتحال میں کسی نعمت سے کم نہ ہوگا۔
ادارہ شماریات کے مطابق چینی کی پیداوار ضرورت سے زائد ہونے کے باوجود گزشتہ سیزن کے مقابلے 5 لاکھ ٹن کم رہی، گزشتہ سیزن میں 69 لاکھ ٹن چینی زیادہ پیدا ہوئی تھی۔ ماہرین کے مطابق ملک میں چینی کی پیداوار میں مزید اضافے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت چینی کی برآمدات کے کوٹے کا بروقت درست تعین کرے اور سپورٹ پرائز دیکھ بھال کر سیٹ کرے۔