روئی کی قیمتوں میں اضافہ، برآمد میں نمایاں اضافہ متوقع

Last Updated On 04 July,2018 05:41 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) تھائی لینڈ، ویت نام کیساتھ 2 ہزار بیلز کے معاہدے، انڈونیشیا اور بنگلہ دیش نے روئی کی خریداری کیلئے انکوائریاں شروع کردیں، بھارتی خریدار بھی معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ بارشوں کے باعث پھٹی کی چنائی معطل، بعض جننگ فیکٹریوں میں پیداواری عمل رک گیا، روئی کی قیمت 100 روپے کے اضافے سے 8 ہزار 300 روپے من ہوگئی۔

بین الاقوامی منڈی میں روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کے رجحان کے باعث بعض ممالک نے پاکستان سے روئی کی خریداری میں محدود دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ٹنڈو آدم کی ایک جننگ فیکٹری سے ابتدائی طور پر تھائی لینڈ اور ویت نام کو روئی کی 2 ہزار بیلز کے برآمدی معاہدے طے پا گئے ہیں جبکہ آئندہ کچھ عرصے کے دوران مزید برآمدی معاہدے طے پانے کا امکان ہے۔

چیئر مین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ پاکستان میں روئی کی نئی فصل کی آمد کا معیار بہتر ہونے اور بین الاقوامی منڈیوں میں روئی کی قیمتوں میں مسلسل تیزی کے رجحان کے باعث تھائی لینڈ، ویت نام، انڈونیشیا اور بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان سے روئی کی خریداری کیلئے ابتدائی انکوائریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق روئی کے بعض بھارتی خریداروں نے بھی پاکستان سے روئی کی خریداری کیلئے ابتدائی معلومات لینا شروع کی ہیں، جس سے توقع ہے کہ رواں سال پاکستان سے روئی کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کا رجحان سامنے آئے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ کے بیشتر شہروں میں جاری بارشوں کے باعث پھٹی کی چنائی معطل ہونے سے بعض جننگ فیکٹریوں میں پیداواری عمل معطل ہو گیا ہے اور توقع ہے کہ بارشیں ختم ہونے کے چند روز بعد یہ فیکٹریاں دوبارہ فعال ہو جائیں گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پھٹی کی آمد معطل ہونے سے روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان سامنے آیا ہے اور روئی کی قیمتیں 100 روپے فی من اضافے کے ساتھ دوبارہ 8 ہزار 300 روپے فی من تک پہنچ گئی ہیں۔