ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے خصوصی فنڈ قائم

Last Updated On 16 July,2018 08:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران حکومت نے قدرتی آفات کے نقصانات کم سے کم کرنے کے لیے خصوصی فنڈ قائم کردیا، پاکستان میں ہر سال ڈیڑھ سے دو سو ارب روپے قدرتی آفات کی نذر ہو جاتے ہیں۔

موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان سنگین مسائل کا شکار ہے۔ خشک سالی، سیلاب، دریا برد ہوتی زمینیں اور گلیشئرز کا پگھلنا قدرتی آفات کا باعث بن رہے ہیں۔حکومت نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے خصوصی فنڈ قائم کردیا ہے۔ پاکستان میں قدرتی آفات سے جہاں انفرا سٹرکچر بری طرح متاثر ہوتا ہے وہیں اکثر عوام کی جمع پونچی بھی ان کی نذر ہوجاتی ہے۔ سیلاب کے باعث مال مویشی پانی میں بہہ جاتے ہیں اور کئی لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ اس صورت حال میں ماہرین کہتے ہیں کہ قدرتی آفات کو روکنا ممکن نہیں لیکن پیشگی اقدامات سے نقصانات کو ضرور کم کیا جاسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو قدرتی نقصانات سے بچانا ہے تو وفاقی، صوبائی اور ضلعی حکومتوں کے درمیان رابطوں کو موثر بنانا ہوگا تاکہ مشترکہ حکمت عملی وضع کی جا سکے۔

Advertisement