پاک سوزوکی نے گاڑیوں کی قیمتیں 40 ہزار روپے تک بڑھا دیں

Last Updated On 01 November,2018 01:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ڈالر مہنگا ہونے پر پاک سوزوکی نے گاڑیوں کی قیمتوں میں 40 ہزار روپے تک اضافہ کر دیا۔

روپے کی قدر میں کمی کے اثرات گاڑیوں کی قیمتوں پر بھی نظر آنے لگے، جنوری سے نومبر کے دوران پاک سوزوکی نے گاڑیوں کی قیمتوں میں چوتھی مرتبہ اضافہ کر دیا۔ نرخوں میں پانچ، دس ہزار نہیں بلکہ 40 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

سوزوکی ویگنار کی قیمت 40 ہزار اضافے سے 12 لاکھ 74 ہزار، سوزوکی سوئفٹ 40 ہزار اضافے سے 16 لاکھ 51 ہزار روپے اور سوزوکی کلٹس 40 ہزار روپے اضافے سے 15 لاکھ روپے کی ہو گئی۔ پاک سوزوکی کے جاری اعلامیے کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا اطلاق پہلے سے بکنگ کرائی گئی گاڑیوں پر نہیں ہوگا۔

رواں برس ڈالر کی قیمت میں اضافے کے سبب صرف پاک سوزوکی ہی نے نہیں بلکہ ہونڈا، ٹویوٹا اور دیگر کمپنیوں نے بھی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔