لیگی حکومت کی آٹو پالیسی جاری رکھیں گے، عبدالرزاق داؤد

Last Updated On 27 December,2018 04:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر صنعت و پیداوار عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ملک میں آٹو موبائل کے نئے پلانٹس کی تنصیب سے 25 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے جبکہ پرانے پلانٹ میں پاک سوزوکی مزید 45 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔

اسلام آباد میں سینیٹر احمد خان کے زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کی کمیٹی کو بریفنگ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ لیگی حکومت کی آٹو پالیسی جاری رکھیں گے اور گزشتہ حکومت کی آٹو پالیسی تبدیل نہیں کریں گے۔ پاکستان ایک بڑا ملک ہے مگر کاروں کی پیداوار بہت کم ہے۔ کاروں کے 55 سے 70 فیصد تک سپیر پارٹس مقامی طور پر تیار ہوتے ہیں جبکہ ٹریکٹرز 95 فیصد، موٹر سائیکل 85 فیصد ملک کے اندر تیار ہوتے ہیں۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ آٹو موبائل انڈسڑی میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کروائی جا رہی ہے۔ رکن کمیٹی ستارہ ایاز نے کہا کہ آٹو موبائل پلانٹس ماحول دوست ہونے چاہیں۔ اجلاس میں انجنئیرنگ ڈویلپمننٹ بورڈ حکام نے بتایاکہ آٹو پالیسی کے تحت اب تک1ارب 16کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری آئی۔